جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید نے عوام کے ووٹ چراکر خیانت کی،نواز شریف

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

گوجرانوالہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف نے پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پر اپنی حکومت کو ‘رخصت’ کرانے اور عمران خان کی حکومت کو برسراقتدار لانے کے لیے ‘جوڑ توڑ’ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

نواز شریف نے اپنے خطاب کے دوران ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے اور گذشتہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات دہراتے ہوئے پاکستان فوج کے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا اور سوال کیا کہ سویلین حکومتوں کو ان کی مدت مکمل کرنے کیوں نہیں دی جاتی۔

نواز شریف پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے سیاسی اتحاد، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے حکومت مخالف تحریک کے گوجرانوالہ میں ہونے والے پہلے جلسے سے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کر رہے تھے۔

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا حکومت کے خلاف اعلان کردہ تحریک کا پہلا جلسہ گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں منعقد کیا گیا۔

پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات سوا گیارہ بجے نواز شریف نے لندن سے اپنی تقریر میں ملک میں مہنگائی، ترقیاتی منصوبوں، سول ملٹری تعلقات، انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور سیاستدانوں کو ’غدار‘ کہلائے جانے جیسے مختلف موضوعات پر بات کی۔

خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ میری آواز عوام تک نہ پہنچے اور ان کی آواز مجھ تک نہ پہنچے، لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔’

نواز شریف نے اپنی تقریر میں کہا کہ تمام سیاستدانوں کو ’غدار‘ کہلایا جاتا ہے اور شروع سے فوجی آمر سیاست دان جیسے فاطمہ جناح، باچا خان، شیخ مجیب الرحمان اور دیگر رہنماو¿ں کو غدار قرار دیتے رہے ہیں۔

نواز شریف نے سیاستدانوں پر غداری کے الزامات لگائے جانے پر کہا کہ ’پاکستان میں محب وطن کہلائے جانے والے وہ ہیں جنھوں نے آئین کی خلاف ورزی کی اور ملک توڑا۔‘

نواز شریف نے اپنی تقریر میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید پرالزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ‘ یہ سب کچھ آپ کے ہاتھوں سے ہوا ہے، آپ کو نواز شریف کو غدار کہنا ہے ضرور کہیے، اشتہاری کہنا ہے ضرور کہیے، نواز شریف کے اثاثے جائیداد ضبط کرنا ہے ضرور کریں، جھوٹے مقدمات بنوانے ہیں بنوائیے لیکن نواز شریف مظلوم عوام کی آواز بنتا رہے گا، نواز شریف عوام کو ان کے ووٹ کی عزت دلوا کر رہے گا۔’

انھوں نے اپنی تقریر میں الزام لگایا کہ پاکستان میں انتخابات میں مینڈیٹ کو ’چوری‘ کیا گیا اور ’دھاندلی‘ کی گئی۔

انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’عوام کا ووٹ کس نے چوری کیا، انتخابات میں کس نے دھاندلی کی؟ جو ووٹ آپ نے ڈالا تھا وہ کسی اور کے ڈبے میں کیسے پہنچ گیا؟ رات کے اندھیرے میں آر ٹی ایس کس نے بند کیا؟ نتائج کیوں روکے رکھے گئے؟ اور ہاری ہوئی پی ٹی آئی کو کس نے جتوایا؟ عوام کے ووٹ کی امانت میں کس نے خیانت کی؟ کس نے سلیکٹڈ حکومت بنانے کے لیے ہارس ٹریڈنگ کا بازار دوبارہ کس نے گرم کیا؟’

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیوں لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کے خلاف اثاثوں سے متعلق کوئی کیس نہیں بنایا گیا، نیب کو ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرنی چاہیے، وہ الزامات کے باوجود سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین کے طور پر کیسے کام کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ”ملک کی دو متوازی حکومتوں کا کون ذمہ دار ہے؟ جسٹس قاضی فائز عیسی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ جو ہوا اس کا کون ذمہ دار ہے؟ صحافیوں کو اغوا کرکے ان پر تشدد کرنے کا کون ذمہ دار ہے؟

سابق وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو، مریم نواز، فضل الرحمٰن اور دیگر اپوزیشن رہنماﺅں کے نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ سب ووٹ کو عزت دلواکر رہیں گے۔

انہوں نے جلسے میں موجود لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”کیا گوجرانوالہ کے عوام تم اس جدوجہد میں میرا ساتھ دو گے؟ کیا تم میڈیا کا ساتھ دو گے؟ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ دونوں ہاتھ کھڑے کر کے وعدہ کرو کیا تم نواز شریف کا ساتھ دو گے؟“

Share This Article
Leave a Comment