فوج سے لڑائی نہیں اگر وہ سیاست میں مداخلت نہ کریں، فضل الرحمان

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم پاکستان کے اداروں کا احترام کرتے ہیں، فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں لیکن اگر دفاع کی ذمہ داری کے علاوہ آپ سیاست میں دخل اندازی کرتے ہیں، اپنی نگرانی میں انتخابات کرواتے ہیں، مارشل لا لگاتے ہیں، آئین کی پامالی کرتے ہیں تو آپ کے خلاف کلمہ حق بلند کرنا ہمارا نہیں تو کس کا کام ہے۔’

انھوں نے ملکی اسٹیبلشمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘سلیکٹیڈ کے سلیکٹرز کہتے ہیں کہ ہمارا نام نہیں لینا، کیوں نہ لیں آپ کا نام آپ نے جمہوریت کو بیچ چوراہے پر قتل کیا ہے۔ کیا سلیکٹرز اپنے سلیکٹیڈ کی کارکردگی سے خوش ہیں؟’

ان کا کہنا تھا کہ ‘سیاست میں اداروں کی مداخلت ختم ہونی چاہیے، وہ اپنی غلطی تسلیم کر لیں اور قوم سے معافی مانگیں تو ہی بات ہو گی۔ اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے سے ملک نہیں چلا کرتے۔ اگر ملک چلانا ہے تو تمام اداروں کو اپنی حدود کا تعین کرنا ہے۔’

مولانا فضل الرحمان نے جمعے کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی شرکت کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج اور نعرے بازی کرنے پر اجلاس سے واپس چلے جانے کے واقعہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘آج سے پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک شروع ہو گئی ہے اور حکومت دسمبر نہیں دیکھ سکے گی، آج حکومت کے اوسان خطا ہو چکے ہیں، آج اپوزیشن کے پندرہ ممبران اسمبلی نے پارلیمان میں اکثریت کے دعوے دار کو بھگا دیا ہے۔’

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ‘آج ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہیں، جے یو آئی نے ہمیشہ فرقہ وارانہ رویوں کی نفی کی ہے، ہم ملک کو فرقہ واریت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔’

اس سے قبل اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ نواز کی مریم نواز اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کئی گھنٹوں کے سفر کے بعد جلسہ گاہ پہنچے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے لالہ موسیٰ سے گوجرانوالہ کا سفر طے کیا جس سے کچھ ہی دیر قبل مریم نواز کا کاروان لاہور سے سات گھنٹے کے سفر کے بعد جناح سٹیڈیم پہنچا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف ملک کی نو بڑی اور چھوٹی اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد کیا ہے۔

جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، سینئر رہنما احسن اقبال، خرم دستگیر، عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار، نیشنل پارٹی کے عبدل مالک بلوچ، پیپلز پارٹی کے سردار لطیف کھوسہ اور راجہ پرویز اشرف نے بھی خطاب کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت نے ملک سے دہشت گردی ختم کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں مہنگائی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے تو موجودہ حکومت سے نجات حاصل کرنا ضروری ہو گا۔

Share This Article
Leave a Comment