سلیکٹرز کو عوام کی طاقت اور فیصلے کو تسلیم کرنا پڑے گا،بلاول بھٹو

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گوجرانوالہ میںپی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آل پارٹیز کانفرنس نے پاکستان کے تمام حقیقی نمائندگان کو ایک صفحے پر اکٹھا کر دیا، اب سلیکٹیڈ اور سلیکٹرز کو ہمارے صفحے پر آنا پڑے گا ورنہ انھیں جانا پڑے گا۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘سلیکٹرز کو بھی آج عوام کی طاقت اور فیصلے کو تسلیم کرنا پڑے گا۔’

انھوں نے تحریک انصاف کی حکومت اور وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ‘پارلیمان کو ربڑ سٹیمپ بنا کر رکھ دیا ہے، پارلیمان میں دھاندلی سے قانون پاس کروائے جا رہے ہیں۔ اگر اس ملک میں کوئی کرپٹ ہے تو یہ سلیکٹیڈ حکومت اور نالائق حکمران ہیں۔’

انھوں نے ملک میں مہنگائی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ کیسی تبدیلی ہے کہ آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی، بیروزگاری اور غربت ہے۔ ملک میں آٹا، چینی، ادویات، گیس اور بجلی کا بحران ہے اور حکومت اس کی ذمہ داری گذشتہ حکومت پر ڈالتی ہے۔’

وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان کے پاس ان مسائل کا حل ٹائیگر فورس ہے، کورونا ہے تو ٹائیگر فورس، سیلاب ہے تو ٹائیگر فورس، مہنگائی ہے تو ٹائیگر فورس۔’

انھوں نے اپنے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘پرویز مشرف نے بھی ملک کو دہشت گردی اور بجلی کے بحران میں چھوڑا تھا لیکن ہم نے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا، ہم نے ملک کی غریب خواتین کے لیے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ کا اجرا کیا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا۔’

حکومت کے کرپش کے بیانیے پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان نے ملک میں کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا اور ملک میں کرپشن کا ریکارڈ قائم کر دیا، پارٹی فنڈنگ کیس ہو، عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کا معاملہ ہو، پشاور بی آرٹی میں کرپشن کے الزامات، بلین ٹری منصوبے میں کرپشن ہو لیکن کوئی ازخود نوٹس نہیں لیتا، کوئی ان سے نہیں پوچھتا۔’

انھوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے بھی تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کی۔

Share This Article
Leave a Comment