بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نصیر آباد زون نے اپنے ایک بیان میں نصیر آباد میں قائم پبلک لائبریری ڈیرہ مراد جمالی میں زیرِ تعلیم طلبہ کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لائبریری میں بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی، ضروری ملازمین کی کمی، وائی فائی، لائبریری سے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی منتقلی اور منظور شدہ ڈیجیٹل لائبریری کی عمارت کی تعمیر و تکمیل نے طلبہ کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ طلبہ کے جائز اور بنیادی تعلیمی مسائل حل کرنا تو دور کی بات، انہیں سننے والا بھی کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ نے ضلعی انتظامیہ اور لائبریری انتظامیہ کو بارہا ان مسائل کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی ہے، مگر تاحال ان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پبلک لائبریری نصیر آباد کے طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی مرکز ہے، جہاں طلبہ کو مطالعہ اور اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے لیے تمام بنیادی سہولیات میسر ہونی چاہئیں۔
بساک کے مطابق متعلقہ محکمہ، ضلعی انتظامیہ اور حکام پبلک لائبریری ڈیرہ مراد جمالی میں بجلی، سولر، وائی فائی، لائبریری سے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی منتقلی اور منظور شدہ ڈیجیٹل لائبریری کی عمارت کی تعمیر و تکمیل سمیت دیگر بنیادی مسائل پر فوری توجہ دے کر طلبہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ بصورتِ دیگر طلبہ اپنے تعلیمی حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں اور ان تمام صورتحال میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نصیر آباد زون طلبہ کے تمام جائز اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ان کا ساتھ دے گی۔