بلوچستان کے علاقے سوراب میں گاڑی پر فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت زین عارف کے نام سے ہوگئی ہے جبکہ حبیب عارف اور جنید احمد نامی شخص زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرئع کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد خاران پریس کلب کے صدر و سابق نیشنل فٹبال کھلاڑی محمد عارف محمدحسنی کے دوبیٹے زین عارف اور حبیب عارف، اپنے دوست جنید احمد کے ہمراہ کراچی سے کوئٹہ واپس جا رہے تھے کہ سوراب اور حاجیکہ کے درمیان نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں زین عارف ہلاک جبکہ حبیب عارف اور جنید احمد زخمی ہوگئے۔ اور ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
کہا جارہا ہے کہ زخمیوں اورہلاک زین عارف کو قلات سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کے باعث انہیں کوئٹہ منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی ذرئع کا کہنا ہے کہ زین عارف سابق لیویز ملازم تھے اور علاج کے لیے کراچی گئے تھے۔