ایلیا کوریئر اینڈ لاجسٹکس کمپنی کے 2 ڈرائیورز مستونگ سے گاڑی سمیت اغوا ہوگئے۔
ایلیا کوریئر اینڈ لاجسٹکس کمپنی نے اپنے مستونگ میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنے ڈرائیو ر اور گاڑی کے حالیہ واقعے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 24 جولائی 2026 کو بلوچستان کے علاقے کھڈ کوچہ سے ہمارے ڈرائیور جان محمد اور سجاد علی کو ایک شاہزور گاڑی نمبر LD-6523 سمیت نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے۔ تاہم اس واقعے کے حوالے سے ابھی تک کسی بھی گروہ یا تنظیم کی ذمہ داری کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے ہم کسی مخصوص گروہ کو موردِ الزام نہیں ٹھہراتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام افراد اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا غیر مصدقہ، من گھڑت یا تبدیل شدہ خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ ایسی معلومات ہمارے ڈرائیورز کی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ ہماری اولین ترجیح اپنے عملے کی بحفاظت بازیابی ہے۔