بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے وڈھ اور ضلع کیچ کے علاقے دشت میں ٹریفک کے دو مختلف المناک حادثات میں 5 افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔
ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں قومی شاہراہ پر دراکھالہ بدرنگ کے مقام پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق حادثہ دو ٹوڈی کاروں کے آمنے سامنے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ۔
تصادم اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیاں بری طرح متاثر ہوگئے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا ۔
تمام زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وڈھ منتقل کیاگیا جہاں انہیں فوری طبی امداد دی گئی ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چند زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے پیش نظر انہیں مزید علاج کے لیے خضدار منتقل کیاگیاہے ۔
ڈی ایس پی وڈھ خالد حسین نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
انہوں نےعوام سے اپیل کی کہ وہ سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور غیر ضروری تیز رفتاری سے گریز کریں۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے ایم ایٹ شاہراہ پر دشت سنگئی کراس کے قریب پک اپ اور ویگو گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہلاک جب کہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں صادق ولد اسماعیل، سکنہ ملک آباد تمپ موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ دائود ولد اکمل، مزار ولد اکمل اور گہرام ولد آزاد، ساکنان تمپ سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔