ڈیرہ بگٹی اور کوئٹہ سے 2 نوجوان جبری لاپتہ،اسلام باد سے لاپتہ طالب علم بازیاب

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی اور کوئٹہ سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں 2 نوجوان جبری لاپتہ ہوگئے جبکہ اسلام باد سے جبری لاپتہ طالب علم کمبیر خان جتک بازیاب ہوگیا۔

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور ڈیرہ بگٹی سے دو نوجوانوں کی جبری گمشدگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جنہیں پاکستانی فورسز اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔

ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی کے علاقے بگٹی کالونی بازار سے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

لاپتہ کیے جانے والے نوجوان کی شناخت رزاق ولد شاہ میر بگٹی کے نام سے ہوئی ہے۔

اہلخانہ کے مطابق رزاق کو سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گرفتار کیا، تاہم بعد ازاں ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ، کلی حبیب فیض آباد سے بھی ایک طالبعلم کی جبری گمشدگی کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

لاپتہ نوجوان کی شناخت عرفان اللہ ولد عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر 22 سال بتائی جاتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق انہیں 6 مئی 2026 کی رات تقریباً 3 بجے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لیا۔

دریں اثنااسلام آباد سے جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے بلوچ طالب علم کمبیر خان جتک بحفاظت بازیاب ہوگئے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی بحفاظت واپسی پر اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ تمام جبری لاپتہ افراد جلد اپنے پیاروں سے مل سکیں گے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article