خیبر پختونخوا :بنوں کے بعد لکی مروت میں بھی دھماکہ، 7 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں گذشتہ روز دھماکے کے بعد اب لکی مروت میں ایک دھماکے کی اطلاعات ہیں جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں۔

ضلعی پولیس افسر نذیر خان کے مطابق لکی مروت کے علاقے نورنگ میں ہونے والا یہ دھماکہ بظاہر خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے تاہم اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں اور مزید حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

مقامی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے نو افراد میں دو ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق یہ دھماکہ نورنگ کے مصروف ترین بازار میں واقع پھاٹک چوک پر ہوا۔ اس مقام پر صبح کے اوقات میں زیادہ رش کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہیں۔

پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو نورنگ ہسپتال کے علاوہ بنوں میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال اور خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور لکی مروت میں ایک عرصے سے حالات کشیدہ ہیں۔

سنیچر کی شام بنوں میں فتح خیل چیک پوسٹ پر بھی لوڈر رکشہ میں بارودی مواد سے دھماکہ کیا گیا تھا جس میں 15 پولیس اہلکاروں کی جان چلی گئی تھی جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article