بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ایک پولیس اہلکار نے خود کشی کرلی ہے جبکہ لورالائی میں خستہ حال دیوار گرنے کے حادثے میں ایک بچی ہلاک اور 2 بچے زخمی ہوگئے ۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق منگل کو پولیس تھانہ امیر محمد دستی کے ایریا پاسپورٹ آفس گلی میں سابق جج کے گھر میں تعینات پولیس اہلکار کانسٹیبل محمد سجاد نے نامعلوم وجوہات کی بناءپر فائرنگ کرکے خود کشی کرلی۔
پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعدورثاءکے حوالے کردی اور مزید کارروائی شروع کردی۔
دوسری جانب لورالائی میں خستہ حال دیوار گرنے سے ایک بچی ہلاک اور دو بچے زخمی ہوگئے ۔
پولیس کے مطاق منگل کو لورالائی کے علاقے پہاڑی محکمہ میں گرلز اسکول کے قریب بچے معمول کے مطابق کھیل رہے تھے کہ اچانک خستہ حال دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں ایک بچی ہلاک جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں تقریباً 6 سے 7 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔
زخمی بچوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی۔مزید کاروائی جاری ہے ۔