وی بی ایم پی چیئرمین نصراللہ بلوچ کا بھتیجا لاپتہ،عوام سے مدد کی اپیل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کا بھتیجا محمد ادریس لاپتہ ہوگیا ہے ۔

چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے بھتیجے محمد ادریس کی گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے مدد کی اپیل کی ہے۔

ان کے مطابق محمد ادریس آج صبح تقریباً 10 بجے اپنے دوست جاوید کے ساتھ گھر سے نکلا تھا، جس کے بعد سے دونوں کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

اہلِ خانہ نے مختلف مقامات پر تلاش کے باوجود تاحال کوئی سراغ نہیں پایا، جس کے باعث گھر میں بے چینی اور اضطراب بڑھتا جا رہا ہے۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ اگر کسی بھی شخص کے پاس محمد ادریس یا جاوید کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو براہِ کرم فوری طور پر ان سے رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے کوئٹہ میں احتجاجی کیمپ قائم کیے ہوئے ہے، جہاں لاپتہ افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔

اس تنظیم کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ، جنہوں نے برسوں تک اس کیمپ کو قائم رکھا، گزشتہ سال دسمبر میں شدید علالت کے باعث وفات پا گئے۔

ماما قدیر بلوچ نے گرمیوں میں کیمپ کو کراچی اور سردیوں میں کوئٹہ منتقل کرنے کی روایت برقرار رکھی تھی، تاکہ احتجاج کسی بھی صورت میں رکاوٹ کا شکار نہ ہو۔

ان کی وفات کے باوجود VBMP کا احتجاجی کیمپ آج بھی جاری ہے، اور تنظیم کے مطابق جب تک آخری لاپتہ شخص بازیاب نہیں ہوتا، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

Share This Article