بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت اور کوئٹہ میں دو الگ الگ واقعات میں یو فون ٹاور پر فائرنگ اور خالی مکان سے 8 ماہ پرانی نعش برآمدہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تربت کے علاقے آسکانی بازار آپسر میں نامعلوم مسلح افراد نے یو فون ٹاور پر فائرنگ کی، جس سے ٹاور کے مرکزی گیٹ اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ٹاور کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب کوئٹہ کینٹ کے علاقے بلوچ لائن میں ایک خالی مکان سے آٹھ ماہ پرانی انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔
کینٹ پولیس کے مطابق 9 مارچ کو شدید بدبو کی اطلاع پر پولیس نے مکان کی تلاشی لی، جہاں صحن میں کھدائی کے دوران پلاسٹک کے شاپرز ملے جن میں انسانی اعضا موجود تھے۔
پولیس نے باقیات کو سول اسپتال منتقل کر دیا، جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ اعضا تقریباً آٹھ ماہ پرانے ہیں اور انہیں تیز دھار آلے سے قتل کے بعد ٹکڑے کر کے دفن کیا گیا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ مکان اکتوبر 2025 سے خالی تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے کیس کو سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جہاں مزید تحقیقات جاری ہیں کہ مکان کس کے نام الاٹ تھا اور قتل میں کون ملوث ہو سکتا ہے۔