حکومت بلوچستان کے محکمہ تعلیم (اسکولز) نے بلوچستان بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان میں حالیہ علاقائی صورتحال اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے انتظامی تیاری کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان بھر کے تمام تعلیمی ادارے 9 مارچ 2026 سے 23 مارچ 2026 تک فوری طور پر بند رہیں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر نقل و حرکت اور ٹرانسپورٹ سے متعلق درپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی سہولت کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
تاہم محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ جاری داخلہ مہم، اسکولوں کی ڈیجیٹل مردم شماری اور اگر کوئی امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں تو وہ جاری رہیں گے۔
متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان سرگرمیوں کو محکمہ تعلیم کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق مؤثر طریقے سے جاری رکھا جائے۔