ڈاکٹر صبیحہ بلوچ،ڈاکٹر شلی بلوچ اور گلزار دوست سمیت 12 افراد اشتہاری قرار

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر صبیحہ بلوچ، بلوچ وومن فورم کے سربراہ ڈاکٹر شلی بلوچ اور سرگرام سیاسی وسماجی کارکن گلزار دوست بلوچ سمیت 12 افراد کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کوئٹہ نے ایک مقدمے میں مذکورہ افراد کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے انہیں 7 مارچ کو ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کردیا تھا۔

عدالتی اشتہار کے مطابق مقدمہ نمبر 96/25 اور ایف آئی آر نمبر 67/2025 کے تحت مختلف دفعات، جن میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 153 اے، 186، 436، 341، 353، 427، 505، 324 اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے شامل ہیں، کے تحت ملزمان کو طلب کیا گیا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی ہے کہ تمام نامزد افراد مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہوں، بصورت دیگر ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مذکورہ فہرست میں شامل ڈاکٹر صبیحہ بلوچ کو بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی مرکزی رکن بتایا جاتا ہے، جبکہ گلزار دوست بلوچ تربت سول سوسائٹی کے کنوینر ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر شلی بلوچ بلوچ ویمن فورم کی مرکزی آرگنائزر ہیں۔

ذرائع کے مطابق اشتہار میں نامزد دیگر افراد کو بھی سیاسی و سماجی کارکنان قرار دیا جارہا ہے۔ عدالت کی جانب سے جاری نوٹس میں تمام افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ یعنی 7 مارچ کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوکر اپنا مؤقف پیش کرنا تھا۔

Share This Article