بلوچستان کے ضلع کچ کے علاقے بلیدہ میناز میں ایک گھر پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جن میں خواتین اور بچوں بھی شامل تھے ہلاک ہوئے جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ایک رہائشی مکان پر پہلے مارٹر گولہ فائر کیا اور بعد ازاں اندھا دھند فائرنگ کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک افراد میں مسلم ولد چارشمبے، ملا یوسف ولد محمد شریف، فضیلہ زوجہ عبدالغفار، گل ناز بنت عبدالغفار، چنگیز ولد عبدالغفار اور زہرہ بنت عبدالغفار شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالغفار ولد محمد، سارہ بنت عبدالغفار اور عائشہ بنت عبدالغفار زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے تربت ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں عبدالغفار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مقامی ذرائع نے گھر کے مالک کی شناخت علاقے میں سرگرم حکومتی حمایت یافتہ مسلح گروہ جسے بلوچستان میں حرف عام میں “ڈیتھ اسکواڈ” کہتے ہیں سے کی ہے۔
تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
حملے میں ایک حملہ آور کے مارے جانے کی بھی اطلاع ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر قانونی کارروائی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واقعے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔