پنجگور ،تربت ،دالبندین اور حب سے پاکستانی فورسز ہاتھوں 8 افراد جبری لاپتہ ،نوشکی سے 2 بازیاب

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے پنجگور ،تربت ،دالبندین اور حب سے پاکستانی فورسز نے 8 افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جن کے بارے میں اب کوئی اطلاعات نہیں ہیں جبکہ نوشکی سے 2 لاپتہ افراد بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ۔

ضلع پنجگور میں پاکستانی فورسز نے تین بھائیوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا ہے۔

یہ کارروائی گزشتہ رات پنجگور کے علاقے خدابادان میں کی گئی، جہاں متعدد گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا اور گھروں میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی۔

لاپتہ ہونے والوں کی شناخت بختیار ولد حاجی محمد حسن، عرفان ولد حاجی محمد حسن، بلال ولد حاجی محمد حسن، اویس احمد ولد یار محمد اور حسن ولد خلیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق بختیار، عرفان اور بلال آپس میں سگے بھائی ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فائرنگ بھی کی گئی، جس میں اویس احمد زخمی ہوئے۔

اہلِ خانہ کا دعویٰ ہے کہ فورسز انہیں زخمی حالت میں اپنے ساتھ لے گئی ہیں، تاہم ان کی موجودہ حالت یا مقام کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب ضلع کیچ سے جبری گمشدگی کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں فورسز کی جانب سے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

جبری گمشدگی کا یہ واقعہ ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں پیش آیا۔

لاپتہ ہونے والے شخص کی شناخت امداد ولد ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے، جو تربت کے علاقے کولوائی بازار کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق امداد پیشے کے لحاظ سے دکاندار ہیں اور فدا چوک میں “بلال اسٹیشنری” کے نام سے کتابوں اور اسٹیشنری کا کاروبار کرتے ہیں۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تقریباً دو بجے فورسز اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا۔ اس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے۔

اسی طرح حب چوکی اور دالبندین سے بھی دو افراد کی جبری گمشدگی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

دالبندین میں پاکستانی فورسز نے عامر ولد احمد کو حراست میں لیا، جبکہ حب چوکی سے غلام سرور ولد عیدو کو بھی گرفتار کیے جانے کی اطلاع ہے۔

دریں اثنا نوشکی سے لاپتہ ہونے والے محسن بلوچ اور خاران سے شاہ زیب بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔

Share This Article