افغانستان کے طالبان حکام کا کہنا ہے کہ ننگرہار میں ایک گھر پر پاکستانی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد مارے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مناسب وقت‘ پر ان حملوں کا جواب دیا جائے گا۔
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے حکام نے بی بی سی پشتو سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع بہسود کے علاقے گردی کیچ میں شہاب الدین نامی شخص کے گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت بیس کے قریب افراد ہلاک ہوئے۔
متاثرہ خاندان کا ایک فرد کا کہنا ہے کہ ’سب کچھ ختم ہو گیا، میرے بچے چلے گئے، میرا بھائی اور میرا شوہر چلا گیا، اور میری کنواری بیٹیاں ماری گئیں۔‘
عینی شاہدین نے بتایا کہ رات دیر گئے ایک فضائی حملے میں مکان کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
بی بی سی دری کے مطابق، ننگرہار پولیس کے ترجمان سید طیب حماد نے طلوع نیوز کو بتایا، ’پاکستانی فوج نے صوبے کے ضلع بہسود میں ایک شہری کے گھر کو نشانہ بنایا، جس میں ایک ہی خاندان کے 23 افراد ہلاک ہو گئے۔‘ اب تک ملبے سے صرف چار افراد کو نکالا جاسکا ہے اور جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
بہسود کے علاوہ صوبہ ننگرہار کے خوگیانی اور غنی خیل اضلاع سے بھی حملے کی اطلاعات ہیں۔
افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں طالبان حکومت کے ایک ذریعے نے بی بی سی دری کو بتایا کہ سنیچر کی شب مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ضلع برمل میں فضائی حملے میں ایک مدرسے کو نشانہ بنایا گیا جس سے مدرسے کی عمارت کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رمضان کے باعث مدرسہ بند ہونے کی وجہ سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بی بی سی دری کو حاصل کردہ ویڈیوز اور سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مدرسے کی عمارت کا ایک حصہ تباہ ہو گیا ہے جبکہ وہاں موحود کتابوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب افغانستان میں طالبان حکومت کی وزارت دفاع نے ننگرہار اور پکتیکا کے ’شہری علاقوں‘ میں پاکستان کی جانب سے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ’مناسب وقت‘ پر ان حملوں کا جواب دیا جائے گا۔
بی بی سی پشتو کے مطابق، افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں پاکستان کی جانب سے فضائی حملوں کو ’افغانستان کی قومی خودمختاری کی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اس عمل کو بین الاقوامی قوانین، اچھے ہمسائیگی کے اصولوں اور اسلامی اقدار کی صریح خلاف ورزی سمجھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزارت قومی دفاع ملک کی خودمختاری اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کو اپنی جائز اور قومی ذمہ داری سمجھتی ہے اور مناسب وقت پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کی وزارتِ اطلاعات اور نشریات نے دعویٰ کیا تھا کہ ’پاکستان نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کارروائی کے دوران پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں پاکستانی طالبان اور ان کے اتحادی دولتِ اسلامیہ خراسان سے وابستہ شدت پسندوں کے سات ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘
افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان حملوں پر ردِ عمل دیتے ہوئے پاکستان فوج پر افغانستان کی سرحد کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔