حمدان بلوچ کی یکطرفہ پوسٹ مارٹم رپو رٹ مسترد، بی وائی سی کا خاندان کو اکیلا نہ چھوڑنے کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی زون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز عدالت میں شہید حمدان بلوچ کے کیس کی سماعت ہوئی۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے پوسٹ مارٹم رپورٹ جمع کروائی گئی، تاہم لواحقین نے اس یکطرفہ پوسٹ مارٹم کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایک غیر جانبدار اور شفاف پوسٹ مارٹم کیا جائے، جو فیملی کی موجودگی میں مکمل ہو، تاکہ یہ حقیقت سامنے آسکے کہ شہید حمدان پر کون کون سے مظالم ڈھائے گئے اور اسے کس بے دردی سے ہم سے چھینا گیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا کہ ہم اس کٹھن اور دردناک گھڑی میں بلوچ قوم سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ شہید حمدان کے لواحقین کا ساتھ دیں۔ خاموشی ظلم کی سب سے بڑی طاقت ہوتی ہے—اس خاموشی کو توڑیں۔ اس بوڑھی ماں کے ساتھ کھڑے ہوں جو رمضانِ شریف جیسے بابرکت مہینے میں بھی اپنے بیٹے کی لاش اور انصاف کے لیے وقتِ فرعون کا سامنا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خاندان کا مسئلہ نہیں، یہ ہم سب کی غیرت، ہمارے اجتماعی ضمیر اور ہمارے مستقبل کا سوال ہے۔ اگر آج ہم خاموش رہے تو کل ہر گھر کی دہلیز اسی درد سے لرز سکتی ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی زون شہید حمدان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کی اس جدوجہد میں ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گی۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ یہ کیس واپس لینے کا نہیں بلکہ سچ کو سامنے لانے کا ہے۔ جب تک انصاف نہیں ملتا، ہماری آواز بلند رہے گی۔
آئیں، حمدان بلوچ کے خون کو رائیگاں نہ جانے دیں۔ انصاف کا مطالبہ کریں، آواز بلند کریں، اور مظلوم کا ساتھ دے کر تاریخ کے درست جانب کھڑے ہوں۔

Share This Article