تربت و وڈھ میں فورسز کی فائرنگ و دھماکوں سے 4 افراد ہلاک ،3 کی حالت تشویشناک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے تربت اور وڈھ میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ اور دھماکوں سے 4 افراد ہلاک اور 3 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جبکہ 11 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ٹیچنگ ہسپتال تربت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبد الوحید بلیدی کے مطابق گزشتہ روز مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے 11 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔

ایم ایس کے مطابق زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا، جبکہ باقی زخمیوں کا علاج ٹیچنگ ہسپتال تربت میں جاری ہے۔

ڈاکٹر عبد الوحید بلیدی نے بتایا کہ تمام زخمی گزشتہ دنوں تمپ، رودبن اور پھل آباد کے علاقوں میں ہونے والے مختلف دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہوئے، اور تمام متاثرین عام شہری (سویلین) ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ٹیچنگ ہسپتال تربت کے لیے ایک کٹھن آزمائش کا دن تھا، تاہم ہنگامی صورتِ حال میں ڈاکٹرز، فارماسسٹس اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے باہمی تعاون سے فرائض انجام دیے، جو قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت ہمیشہ طبی عملے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

اسی طرح گزشتہ شام فرنٹیئر کور (ایف سی) کی جانب سے 3 افراد کی لاشیں مقامی پولیس کے حوالے کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم پولیس ذرائع کے مطابق بعد ازاں یہ لاشیں واپس لے لی گئیں۔

ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابتدائی طور پر3 لاشیں لائی گئیں، تاہم بعد میں لاشوں کی تعداد چھ بتائی گئی، مگر تاحال یہ لاشیں مقامی انتظامیہ کے حوالے نہیں کی گئیں اور نہ ہی انہیں کسی سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شام مسلح افراد نے ہوشاپ میں پولیس تھانے اور ایک سیکیورٹی فورس کے کیمپ پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں مسلح افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کسی بھی سرکاری ادارے کی جانب سے باقاعدہ تصدیق جاری نہیں کی گئی۔

تاہم سول میڈیا پر 6 لاشوں کی تصاویر سامنے آئیں جن کے بارے میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ انہیں ہوشاپ میں ہلاک کیا گیا۔

دریں اثنا خضدار کے علاقہ وڈھ میں بی این پی کے رہنما چیئرمین یونین کونسل دودکی نصیر احمد براہیمزئی مینگل کو اتوار کی شام نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

Share This Article