بلوچستان کے مختلف ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے ایم ڈی کیٹ 2024 میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والے طلبہ نے پنجاب کے میڈیکل کالجز میں گڈوِل سیٹس سے متعلق پالیسی میں اچانک تبدیلی کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
طلبہ نے ڈویژن وائز کوٹہ سسٹم ختم کر کے اوپن میرٹ نافذ کرنے کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا۔
پریس کانفرنس کے دوران طلبہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے مقررہ طریقہ کار کے تحت بولان میڈیکل کالج میں اپنی دستاویزات جمع کرائیں، انٹرویوز دیے گئے، ٹینٹیٹو لسٹ جاری ہوئی اور فائنل سلیکشن کے بعد کالج الاٹمنٹ بھی مکمل ہو چکی تھی، تاہم جوائننگ سے قبل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے بغیر پیشگی اطلاع کے پالیسی تبدیل کر دی۔
طلبہ کے مطابق اس فیصلے سے قلات، ژوب، سبی، نوشکی، تربت اور دیگر پسماندہ ڈویژنز کے امیدوار بری طرح متاثر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار انٹرویو اور ویریفیکیشن کے مراحل ختم کیے جانے سے نان لوکل امیدواروں کے داخلے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ طلبہ نے بولان میڈیکل کالج انتظامیہ پر بروقت آگاہ نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
متاثرہ طلبہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر صحت اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے ساتھ انصاف نہ کیا گیا تو وہ قانونی اور عوامی سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔
طلبہ نے اپنے مطالبات میں کہا کہ گڈوِل سیٹس پر کی گئی فائنل سلیکشن کو بحال کیا جائے، ڈویژن وائز کوٹہ سسٹم دوبارہ نافذ کیا جائے اور ایم ڈی کیٹ 2024 کے امیدواروں کو مزید تاخیر کا شکار نہ بنایا جائے۔