بلوچستان کے ضلع خضدار میں چند روز قبل زہری کے علاقے میں فائرنگ میں شدید زخمی ہونے والی خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج دم توڑ گئی جب کہ ان کے شوہر فائرنگ کے روز ہی موقع پر ہلاک ہو گئے تھے۔
واقعے کے خلاف لواحقین نے گھوڑا چوک پر احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ، کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی۔
لواحقین نے الزام عائد کیا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان بااثر ہیں اور مبینہ حکومتی پشت پناہی کے باعث تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔
ان کا مطالبہ تھا کہ نامزد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے۔
شاہراہ کی بندش کے باعث ٹریفک مکمل طور پر معطل رہی، جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مسافر شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔
موقع پر ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔