کراچی : سندھ ثقافتی ریلی پر پولیس کا حملہ ،لاٹھی چارج و شیلنگ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کراچی کے علاقے شارع فیصل پر سندھ ثقافتی ریلی پر پولیس نے حملہ کرکے شرکا پر لاٹھی چارج کرکے شیلنگ کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل پر سندھ ثقافت سے متعلق ریلی کے شرکا اور پولیس میں تصادم ہوا۔

حکام کا الزام ہے کہ ریلی کے شرکاءنے گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کردیا جس کے جواب میں پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام سے بند اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جبکہ دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

اتوار کو کراچی کے علاقے شارع فیصل پر ایف ٹی سی کے قریب سندھ ثقافت سے متعلق ریلی کے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے سندھ ثقافتی ریلی شرکا پر الزام لگایا جارہا ہے کہ شارع فیصل ایف ٹی سی پل کے قریب ریلی میں شامل کچھ شرپسند عناصر نے شدید ہنگامہ آرائی کی جبکہ نامعلوم افراد نے مسافر بسوں پر پتھراؤ کیا، خواتین کو ہراساں کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شرکا شارع فیصل سے کراچی پریس کلب کی طرف جارہے تھے، پولیس نے شرکا کو متبادل راستے کی جانب جانے کی ہدایت کی، جس پر ریلی کے شرکا نے متبادل راستے سے جانے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد پولیس اور ریلی کے شرکا کے درمیان تکرار ہوگئی اور مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کردیا، جس سے متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ بھی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر شارع فیصل ایف ٹی سی کے مقام سے بند کردیا گیا جب کہ شارع فیصل پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔

Share This Article