امریکی بینک کا ریکوڈِک منصوبے کے لیے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر قرض دینے کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی ایکسپورٹ-امپورٹ (ایگزم) نے بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے کے لیے کے لیے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کا قرض دینے کا اعلان کر دیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایگزم بینک کے سربراہ نے بتایا کہ بینک بلوچستان میں ریکو ڈِک منصوبے کے لیے ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کا قرض دے گا، یہ قرض ایک بڑے منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت امریکا 100 ارب ڈالر لگا کر اہم معدنیات، جوہری توانائی اور گیس کی سپلائی کو اپنے ملک اور اتحادی ممالک کے لیے مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں چیئرمین جان یووانووچ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان، مصر اور یورپ میں مختلف منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک ان ذرائع پر بہت زیادہ بھروسہ کر رہے تھے جو اب ان کے لیے مناسب یا قابل اعتماد نہیں رہے۔

جان یووانووچ کے مطابق ہم وہ سب کچھ نہیں کر سکتے جس کی کوشش کر رہے ہیں، جب تک کہ اہم خام مال کی یہ بنیادی سپلائی چین محفوظ، مستحکم اور فعال نہ ہو۔

انہوں نے ’ایف ٹی‘ کو بتایا کہ بینک کے پاس کانگریس کی جانب سے مجاز کردہ 135 ارب ڈالر میں سے 100 ارب ڈالر اب بھی خرچ کرنے کے لیے باقی ہیں۔

ان کے مطابق بینک کے ابتدائی معاہدوں میں نیویارک کی کمیوڈٹیز گروپ ہارٹری پارٹنرز کی جانب سے مصر کو فراہم کی جانے والی 4 ارب ڈالر کی قدرتی گیس کے لیے کریڈٹ انشورنس گارنٹی بھی شامل ہوگی۔

ایگزم بینک نے اس حوالے سے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والے 2 بلوچ نوجوانوں کو پاکستانی فورسز نے گھر جانے کے دوران بسوں سے اتار کر جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا جن کا اب کوئی خبر نہیں ہے۔

Share This Article