بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے سریاب کسٹم کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ماں ہلاک جبکہ بیٹا معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیکر ٹرک قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز شمس اللہ اپنی والدہ کو لیکر آرہا تھا کہ سریاب کسٹم کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس کی ماں موقع پر خالق حقیقی سے جا ملی جبکہ وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
نعش ہسپتال منتقل کردی گئی جس کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا گیا۔
پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک قبضے میں لیکر کارروائی شروع کردی۔
دوسری جانب نوتال میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں مقامی زمیندار معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
گزشتہ روز نوتال کے علاقے میں بارودی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس سے مقامی زمیندار معجزانہ طور پر محفوظ رہا جبکہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کرکے کارروائی شروع کردی۔