پسنی: ساحل گلاب کے قاتلوں کی ضمانت پر رہائی کیخلاف ورثا کا احتجاجی دھرنا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع گوادر کے ساحلی شہر پسنی میں چند ماہ قبل قتل ہونے والے 12 سالہ طالب علم ساحل گلاب کے ورثاءاور اہلخانہ نے قاتلوں کی ضمانت پر رہائی کے خلاف پسنی کورٹ کے سامنے شدید احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر انصاف کے مطالبات درج تھے، جبکہ وہ قاتل کی دوبارہ گرفتاری اور فوری سزا کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔

مظاہرین نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے گیٹ کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرکے دھرنا دے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ساحل گلاب کے قاتلوں کو عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہا کیا جانا شہید کے خون کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔

ان کے مطابق، اس اقدام سے نہ صرف متاثرہ خاندان کی دل آزاری ہوئی ہے بلکہ انصاف کے عمل پر بھی سوالات اٹھے ہیں۔

ساحل گلاب کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ قاتل کو فوری طور پر دوبارہ گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔

احتجاج میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

شرکاءنے حکومت اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور مظلوم خاندان کو انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر قاتل کو دوبارہ گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

Share This Article