پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی وادی تیراہ میں مبینہ ’فضائی بمباری‘ کے نتیجے میں کئی شہریوں کی اموات کی اطلاعات پر ’انتہائی صدمے‘ سے دوچار ہیں اور اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ایچ آر سی پی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’یہ جان کر ہمیں شدید صدمہ ہوا ہے کہ ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں مبینہ فضائی بمباری کے نتیجے متعدد شہریوں کی اموات ہوئی ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
‘تنظیم نے مطالبہ کیا کہ ’حکام فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘
ایچ آر سی پی کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’ریاست آئینی طور پر تمام شہریوں کے حقِ زندگی کے تحفظ کی پابند ہے، جسے فراہم کرنے میں ریاست ناکام ہوتی رہی ہے۔‘اب تک متعلقہ حکام کی جانب سے اس واقعے کی تفصیلات کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔