یمن پر اسرائیلی فضائی حملے میں 35 افراد ہلاک ، 131 زخمی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

یمن کے حوثی جنگجوؤں کے زیر اثر میڈیا نے بدھ کے روز رپورٹ کیا کہ اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر کم از کم چھ فضائی حملے کیے۔

یمن کے حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی نے خبر دی کہ یمن کی مسلح افواج کا فضائی دفاع اس وقت دارالحکومت صنعا پر حملہ کرنے والے اسرائیلی طیاروں کا مقابلہ کر رہا ہے۔

یمن پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی ہے جبکہ 131 زخمی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے یمن پر حملے کی تصدیق کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اسرائیلی ڈیفنس فورس کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا کہ ان کی فضائیہ نے یمن کے صنعا اور الجوف کے علاقوں میں ان ’فوجی کیمپوں‘ کو نشانہ بنایا جہاں حوثی باغیوں کی موجودگی کی اطلاعات تھیں۔

آئی ڈی ایف نے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ’حوثی فوجی پروپیگنڈا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹر اور ایندھن ذخیرہ کرنے کے مقام کو بھی نشانہ بنایا۔‘

یہ حملہ قطری دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کے بعد سے جاری علاقائی کشیدگی کے درمیان سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ ایران کے حمایت یافتہ باغی گروپ نے 2014 سے یمن کے شمال مغربی حصے پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔

یمن میں حوثیوں کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے دارالحکومت صنعا ور الجوف کے علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں 35 افراد ہلاک اور 131 زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے حوثیوں کے ’پرو پیگنڈا ڈپارٹمنٹ، عسکری مقامات اور ایندھن کے ذخیرے‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کو نشانہ بنایا ہو بلکہ رواں برس متعدد مرتبہ ایسے حملے تواتر سے دیکھنے میں آتے رہے ہیں۔

مئی میں اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا اور حدیدہ بندگارہ کے اطراف واقع متعدد مقامات کو اپنے حملوں میں نشانہ بنایا تھا۔ یہ فضائی حملے میڈیا کی سُرخیوں میں بھی رہے تھے کیونکہ جس وقت صنعا میں ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا اس وقت عالمی ادارہ صحت کے سربراہ وہیں موجود تھے۔

جون اور جولائی میں اسرائیل نے ایک بار پھر حدیدہ میں متعدد فضائی حملے کیے اور کہا کہ یہ حملے حوثیوں کی جانب سے کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں کیے گئے تھے۔

اگست میں اسرائیل نے یمن پر مزید حملے کیے اور ایسے ہی ایک حملے میں حوثیوں کے خود ساختہ وزیرِ اعظم احمد غالب ناصر الرھوی بھی ہلاک ہوئے تھے۔

گذشتہ ایک برس میں اسرائیل نے یمن کے علاوہ لبنان، شام اور ایران میں بھی اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

Share This Article