ٹرمپ نے جوہری آبدوزوں کو ’مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنے‘ کے احکامات دے دیے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے سابق روسی صدر دمتری میدوی ایدف کے ’اشتعال انگیز‘ بیانات کے جواب میں دو امریکی جوہری آبدوزوں کو ’مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنے‘ کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ اقدام اس لیے لیا ہے کہ ’یہ احمقانہ بیانات صرف الفاظ سے زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔ الفاظ بہت اہم ہوتے ہیں اور کبھی کبھی ان کے غیرارادی نتائج بھی سامنے آتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ موقع نہیں آئے گا۔‘

صدر ٹرمپ نے یہ وضاحت نہیں دی کہ جوہری آبدوزوں کو کن مقامات پر بھیجا گیا ہے۔

یوکرین میں جنگ بندی کے حوالے سے ٹرمپ کے بیانات اور روس پر نئی پابندیوں کے اعلانات کے ردعمل میں سابق روسی صدر دمتری میدوی ایدف حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر کئی مرتبہ تبصرے کر چکے ہیں۔

ٹرتھ سوشل پر امریکی صدر نے لکھا کہ: ’سابق روسی صدر اور کونسل آف رشین فیڈریشن کے موجودہ ڈپٹی چیئرمین دمتری میدوی ایدف کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات کی روشنی میں میں نے دو جوہری آبدوزوں کو مناسب خطوں میں پوزیشن سنبھالنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔‘

پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سابق روسی صدر نے لکھا تھا کہ ’ہر نیا امریکی الٹی میٹم ایک خطرہ ہے اور جنگ کی طرف ایک قدم ہے۔‘

Share This Article