بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما سمی دین بلوچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انسانی حقوق کے معروف کارکن اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر ما ہ رنگ بلوچ اور بیبو بلوچ 22 مارچ سے تھری ایم پی او کے تحت کوئٹہ کی ہدہ جیل میں نظر بند ہیں۔ اگرچہ ان کی نظر بندی قانونی طور پر 22 جون کو ختم ہو گئی تھی لیکن دونوں قانونی جواز کے بغیر سلاخوں کے پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی وائی سی کے دیگر کارکن بیبگر بلوچ، صبغت اللہ شاہ جی، گلزادی بلوچ، غفار بلوچ، اور عمران بلوچ بھی بغیر عدالتی وارنٹ یا قانونی طریقہ کار کے زیر حراست ہیں۔ کوئی جائزہ بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا ہے، کوئی سماعت طے نہیں کی گئی ہے، اور حکام نے مسلسل حراستوں کے لیے کوئی قانونی وضاحت پیش نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 10(4) کی براہ راست خلاف ورزی ہے، جو 90 دن سے زائد کسی بھی حراست کے لیے عدالتی نگرانی کا حکم دیتا ہے۔ ممکنہ توسیع کے مبہم دعووں کے باوجود، حکام نے کوئی قانونی دستاویزات پیش نہیں کیں، جو ان کارروائیوں کی من مانی اور غیر قانونی نوعیت کو مزید بے نقاب کرتی ہے۔
سمی دین بلوچ نے کہا کہ ہم انسانی حقوق کی برادری سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر تمام غیر منصفانہ طور پر حراست میں لیے گئے بی وائی سی اراکین کی فوری اور غیر مشروط رہائی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستانی حکام پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔