پنجگور میں فورسز پر حملہ، 3 اہلکار ہلاک، 8 زخمی ہوگئے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افرادنے پاکستانی فورسز پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر وادی گچَک کے قریب فائرنگ کی گئی۔

زخمی جوانوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں 5 کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

انیس مئی کو بلوچستان میں مسلح افرادکے حملوں کے 2 مختلف واقعات میں 7 سیکیورٹی اہلکارہلاک ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں دہشت گردی کے واقعات پیش آئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مچھ میں گزشتہ رات فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا۔

آٹھ مئی کو بلوچستان میں پاکستانی فورسز پر مسلح افرادکے حملے میں میجر سمیت 6 اہلکار ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) جنوبی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پاکستان ایران سرحد سے 14 کلومیٹر دو بلیدہ سے پیٹرولنگ کرکے واپس آرہی تھی۔

دوسری جانب بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

تنظیم کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ موک کنڈگ کے مقام پر سرمچاروں کے حملے میں آفیسر سمیت بیس سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment