خضدارمیں اسکول بس پر دھماکا، بچوں سمیت 5 ہلاک ، 40 سے زائد زخمی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے علاقے خضدارمیں زیرو پوائنٹ کے قریب ایک اسکول بس پر ہونے والے دھماکے میں بچوں سمیت 5 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

 دھماکے کے نتیجے میں اسکول بس مکمل تباہ ہوگئی۔ 

کمشنر خضدار کے مطابق بس پر ہونے والا حملہ خودکش تھا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 4 بچے ہلاک ہوئے۔

38 زخمی بچوں کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق بعض زخمی بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خضدار میں اسکول بس پر حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد ہلاک اور متعدد بچے زخمی ہوئے۔

پہلے پہل علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ دھماکا کینٹ سے نکلنے والے فوجی قافلے میں شامل اہلکاروں کے ایک بس پر ہوا تھا۔ تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔

البتہ یہ تصدیق ہوگئی ہے کہ بس آرمی پبلک اسکول کا تھا جو بچوں کو لیکر جارہی تھی جسے مہلک حملے میں نشانہ بنایاگیا۔

اُدھر خضدار تھانے کے ایس ایچ او نے بی بی سی کو بتایا کہ ’جس بس کو نشانہ بنایا گیا وہ خضدار کینٹ میں واقع سکول کے بچوں کو لے جا رہی تھی۔‘

انھوں نے کہا دھماکے میں بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ بس کے قریب ایک چھوٹی گاڑی بھی تباہ شدہ حالت میں موجود ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ ابھی تفتیش جاری ہے مگر بظاہر دھماکہ خیز مواد اسی چھوٹی گاڑی میں تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اس بات کا تعین ہونا باقی ہے کہ دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا یا کسی خود کش حملہ آور نے اسے نشانہ بنایا۔

اب تک اس حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

Share This Article