پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری بحران کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان موجود لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ رات چکوٹھی، لیپہ، نیلم جورا، کیل، نکیال، بھمبر سمانی اور حویلی حاجی پیر کے سیکٹرز میں فائرنگ کا تبادلہ صبع چار بجے تک جاری رہا۔
حکام کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور کم از کم 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں ایک 40 دن کی بچی اور ایک نوبیاہتا نوجوان بھی شامل ہیں۔
ایس ایس پی کوٹلی کے مطابق سب سے زیادہ نقصان ضلع کوٹلی کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں ہوا جہاں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
سپریٹنڈنٹ پولیس کوٹلی عدیل احمد کے مطابق مرنے والوں میں راجہ شہپال، عثمان خالد، سمرہ آصف اور ایک 40 دن کی شیر خوار بچی شامل ہیں۔
ایس پی کے مطابق نکیال سیکٹر سے تعلق رکھنے والا ایک شخص بھی زخمیوں میں شامل ہے۔
دوسری جانب ضلع باغ کے مضافاتی علاقے چوکی سے حکام کے دعوے کے مطابق ایک گھر پر گولہ گرنے سے 22 سالہ نوجوان اسامہ ہلاک ہو گیا جبکہ ان کی دو بہنیں زخمی ہوئیں۔