یمن میں حوثی باغیوں کے اہداف پرامریکی حملے، 68 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی سینٹرل کمانڈ کا دعویٰ ہے کہ مارچ کے وسط سے اب تک حوثی باغیوں کے 800 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب یمن کے حوثی گروپ سے وابستہ المسیرہ ٹی وی کے مطابق صعدہ صوبے میں ہونے والے ایک فضائی حملے میں کم از کم 68 افراد ہلاک ہو گئے۔

بی بی سی عربی کے مطابق المسیرہ ٹی وی نے خبر دی ہے کہ اتوار کو یمن کے صوبے صعدہ کے شمال مشرقی علاقے میں حوثی باغیوں کے کنٹرول میں موجود افریقی مہاجرین کے حراستی مرکز پر امریکہ نے حملہ کیا۔

المسیرہ ٹی وی کے مطابق اس حملے میں 47 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حالیہ حملے کے حوالے سے امریکی فوج نے کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا تھا کہ اس نے مارچ کے وسط سے اب تک 800 حوثی اہداف کو نشانہ بنایا ہے جن میں قیادت سمیت سینکڑوں حوثی باغی ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’اگرچہ حوثیوں نے ہمارے بحری جہازوں پر حملے جاری رکھے، لیکن ہماری کارروائیوں نے ان کے حملوں کی شرح اور اثرات کو کم کیا۔ بیلسٹک میزائلوں کے داغے جانے کی شرح میں 69 فیصد کمی آئی ہے، جب کہ خودکش ڈرون حملوں میں 55 فیصد کمی آئی ہے۔‘

گذشتہ ماہ ٹرمپ نے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملوں کا حکم دیا تھا اور دھمکی دی تھی کہ انہیں ‘مکمل طور پر ختم’ کر دیا جائے گا۔

ٹرمپ نے ایران کو بھی خبردار کیا تھا کہ وہ اس گروپ کو مسلح نہ کرے۔

Share This Article