جیل میں بلوچ خواتین پر تشدد اور بیبو بلوچ کے اغوا کے خلاف وکلا کا عدالتی بائیکاٹ کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

مکران ہائی کورٹ بار، کیچ بار، گوادر بار اور پنجگور بار نے اپنے مشترکہ جاری کردہ اعلامیہ کہاہے کہ ہم کوئٹہ ہدہ جیل میں ریاستی فورسز کے ہاتھوں زیرِ حراست بلوچ خواتین ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، گلزادی بلوچ، اور بیبو بلوچ پر مبینہ بے جا تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

اسی طرح بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی ) کے رہنما بیبو بلوچ کو سی ٹی ڈی (CTD) اہلکاروں کے ہاتھوں دورانِ حراست، جیل سے غیرقانونی طور پر اغوا کیے جانے کا واقعہ آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو بنیادی انسانی حقوق اور عدالتی عملداری کے منافی ہے۔

ان سنگین ریاستی اقدامات کے خلاف احتجاجاً ہم اعلان کرتے ہیں کہ:
آج بروز جمعرات، 24 اپریل 2025 کو مکران بھر میں تمام عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا اور پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

ہم متعلقہ حکام کو سختی سے متنبہ کرتے ہیں کہ بلوچ خواتین کے خلاف غیرقانونی اقدامات، غیر انسانی سلوک اور جبر و زیادتی سے فوری طور پر باز رہا جائے، وگرنہ وکلاء تنظیمیں سخت ترین آئندہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گی، جس کی تمام تر ذمہ داری ریاستی اداروں اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

Share This Article