بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اسیر رہنما اور انسانی حقوق کے متحرک کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی ہمشیرہ نادیہ بلوچ نے سیاسی اسیران کی رہائی کیلئے کوئٹہ میں قائم احتجاجی کیمپ میں بلوچ عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک مہینے سے بلوچستان بھر میں تھری ایم پی او کے تحت غیر قانونی طور پر درجنوں سیاسی کارکنان کو پولیس نے زیرحراست رکھا ہوا ہے جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے جس کا مظاہرہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے کیس میں فیصلے کے دن ہمارے سامنے آیا جب معزز عدالت نے فیصلہ سنانے کے بجائے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کا کیس وزیر داخلہ کے حوالے کیا جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہ تمام کیسز قانون کے بجائے سیاسی مقصد کیلئے لگائے گئے ہیں جن کا بنیادی مقصد سیاسی لوگوں کو زیر کرکے بلوچستان میں غیر قانونی اور غیر انسانی سلوک کو شدت دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت ڈاکٹر ماہ رنگ، شاہ جی، گل زادی، بیبگر اور دیگر درجنوں کارکنان مختلف جیلوں میں بند کیے گئے ہیں جبکہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اس ناانصافی کے خلاف اٹھنے والے آوازوں کو دبانے کیلئے پولیس طاقت اور تشدد کا سہارہ لے رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب بلوچستان بھر میں جبری گمشدگیوں کے واقعات میں شدت سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ چند دنوں کے اندر درجن افراد کو ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا ہے اور یہ سلسلہ دن بدن شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
نادیہ بلوچ نے مزید کہا کہ اس ناانصافی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ و تھری ایم پی او کے تحت گرفتار سیاسی کارکنان و سیاسی اسیران کی جبری گمشدگی و گرفتاری کے خلاف پریس کلب کوئٹہ میں لواحقین نے ایک احتجاجی کیمپ لگا قائم کی ہے۔ احتجاجی کیمپ کا مقصد ان غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر انسانی سلوک کے خلاف آواز اٹھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام گرفتار سیاسی کارکنان، جبری گمشدگی کے شکار سیاسی اسیران کے لواحقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کیمپ آکر ان ناانصافیوں کے خلاف جاری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم اس ریاست کے اندھے قانون کو جگانے کی کوشش کریں اور بلوچستان میں شہریوں کے حقوق کی تحفظ کو یقینی بنائے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی ہمشیرہ نادیہ نے کہا کہ ہمیں اس وقت مسلسل اور محنت کش جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ بلوچستان میں جاری غیر انسانی جبر اور زیادتیوں کے خلاف ایک منظم آواز بلند کر سکیں اور دنیا کو اس حوالے سے آگاہ کر سکیں۔