شمالی چین کے صوبہ ہیبی میں ایک نرسنگ ہوم میں آگ لگنے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے بیجنگ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شنہوا‘ کے حوالے سے بتایا کہ دارلحکومت بیجنگ سے تقریباً 180 کلومیٹر شمال مشرق میں، لونگہوا کاؤنٹی کے نرسنگ ہوم میں مقامی وقت کے مطابق منگل کو رات 9 بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی۔
شنہوا نے رپورٹ کیا کہ بدھ کی صبح 3 بجے تک 20 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نرسنگ ہوم میں موجود دیگر بزرگ افراد کو مزید مشاہدے اور علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ آگ لگنے کی وجہ تحقیقات کی جا رہی ہے۔
کاؤنٹی حکومت نے کہا کہ نرسنگ ہوم کے ذمہ دار ایک فرد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
چین میں مہلک آگ نسبتاً عام ہے جس کی وجہ عمارت کے خراب کوڈز اور کام کی جگہ کی حفاظت کے لیے اکثر سست روی ہے۔
جنوری میں بیجنگ کے شمال مغرب میں ژانگ جیاکاؤ شہر میں سبزی منڈی میں آگ لگنے سے 8 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے ایک ماہ قبل مشرقی چین کے شہر رونگچینگ میں ایک تعمیراتی مقام پر آگ لگنے سے 9 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔