حق دو تحریک کے سربراہ اور گوادر سے رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے 7 اپریل کو گوادر سے کوئٹہ کے لیے لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمان کے مطابق وہ یہ لانگ مارچ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے خواتین کی گرفتاری اور لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف کررہے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھا کہ گوادر سے کوئٹہ تک یہ طویل لانگ مارچ تربت اور پنجگور کے راستے کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا سنگین مسئلہ ہے۔ حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کی بجائے اب ان لوگوں کو گرفتار کررہی ہے جو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پرامن جدوجہد کرنے والی مائوں اور بہنوں کی گرفتاری ناقابل برداشت ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے دیگر مسائل بھی ہیں لیکن اس وقت ان میں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی اور خواتین کی گرفتاری بڑے مسائل ہیں جن کے حوالے سے وہ کوئٹہ تک لانگ مارچ کریں گے۔