نائیجر کی مسجد پر انتہا پسندوں کا حملہ، 44 افراد ہلاک ، 3 روزہ سوگ کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read
فوٹو: اے ایف پی

نائیجر کی حکومت نے ملک کے جنوب مغرب میں انتہا پسند تنظیم دولت اسلامیہ ان گریٹر صحارا (آئی ایس جی ایس) سے تعلق رکھنے والے انتہا پسندوں کے ہاتھوں 44 شہریوں کی ہلاکت کے بعد 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق وزارت داخلہ نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ متاثرین دیہی قصبے کوکورو کے فیمبیتا کوارٹر میں ایک مسجد پر وحشیانہ حملے میں ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، یہ حملہ گزشتہ روز نماز جمعہ کے وقت ہوا، جب لوگ مسجد میں نماز کے لیے جمع تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس انتہا پسندوں نے غیر معمولی بے رحمی کے ساتھ اپنے قتل عام کو انجام دینے کے لیے مسجد کا محاصرہ کیا، حملہ آوروں نے ایک مقامی بازار اور گھروں کو بھی آگ لگا دی۔

وزارت نے مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کے خلاف مقدمہ چلانے کا وعدہ کیا ہے، یہ حملہ برکینا فاسو اور مالی کی سرحدوں کے قریب ایک ایسے علاقے میں ہوا، جہاں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (آئی ایس) اور القاعدہ سے وابستہ دہشت گرد برسوں سے سرگرم ہیں۔

نائیجر کی فوج اکثر اس علاقے میں انتہاپسندوں سے لڑتی رہتی ہے اور عام شہری اکثر تشدد کا نشانہ بنتے ہیں۔

Share This Article