بلوچستان لیویز فورس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) عبدالغفار مگسی نے پیر کے روز لیویز فورس میں انسداد عسکریت پسندی کا خصوصی ونگ قائم کرنے کا اعلان کیاہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کا زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے فورس کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے، یہ ونگ بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران دیگر سیکیورٹی فورسز اور ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ونگ کے قیام سے لیویز فورس کو بااختیار بنایا جائے گا، اس کی آپریشنل طاقت میں اضافہ ہوگا اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
توقع ہے کہ یہ ونگ عسکریت پسند نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور بلوچستان میں مجموعی طور پر سیکیورٹی پوزیشن کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈی جی لیویز نے عسکریت پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور بلوچستان کے عوام کے لیے امن برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حکام نے بتایا کہ لیویز فورس کے انسداد عسکریت پسندی ونگ کو عسکریت پسندوں سے لڑنے اور ان کی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کی خصوصی تربیت دی جائے گی، اور ونگ کو جدید ترین اسلحہ اور سازوسامان بھی فراہم کیا جائے گا۔
ونگ کے قیام کا فیصلہ کچھ حالیہ واقعات کے پیش نظر کیا گیا، جن میں چیک پوسٹوں اور لیویز فورس اسٹیشنوں پر تعینات لیویز فورس کے اہلکاروں نے عسکریت پسندوں کے حملے اور ان کے ہتھیار لے جانے کے وقت مزاحمت نہیں کی تھی۔
ان واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی لیویز نے فورس میں انسداد عسکریت پسندی ونگ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔