تہران: کلینک میں دھماکہ، کم از کم 19 افراد ہلاک، متعدد زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک کلینک میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

دھماکہ سینا اطہر کلینک میں ہوا ہے۔

مہر نیوز ایجنسی نے تہران کے حکام علی القاصی مہر کے حوالے سے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں چار مرد اور 15 خواتین شامل ہیں۔

حکام کے مطابق متعدد افراد زخمی بھی ہیں اور یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے ایک سینیئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ گیس کے اخراج کے باعث ہوا ہے

تہران کے آگ بجھانے والے محکمے کے ترجمان جلیل مالکی نے کہا ہے کہ آگ لگنے کا واقع ایک پانچ منزلہ عمارت میں ہوا جہاں دوسری منزل پر زور دار دھماکہ ہوا۔

ایران کی ایمرجنسی انتظامی ایجنسی کے ترجمان مجتبی خالدی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں اوپری منزلوں پر ہوئی ہیں۔

انھوں نے کہا: ‘زیادہ تر ہلاکتیں چوتھی اور پانچویں منزلوں پر ہوئیں جہاں آپریشن روم ہے۔’

یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو پیش آيا اور آگ لگنے کے بعد وہاں کم از کم دو دھماکے سنے گئے۔ آگ لگنے کی تصاویر جلد ہی سوشل میڈیا پر گشت کرنے لگیں۔

اس سے کچھ دن پہلے ہی فوج کے ایک اڈے کے قریب ایک بڑا دھماکہ ہوا تھا جس کی وجہ بھی گیس کا اخراج بتائی گئی تھی

TAGGED:
Share This Article
Leave a Comment