انڈیا: اتراکھنڈ میں گلیشیئر پھٹنے سے 57 مزدور برف تلے دب گئے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

انڈین ریاست اتراکھنڈ میں بدری ناتھ دھام کے قریب گلیشیئر پھٹنے سے 57 مزدور برف کے نیچے دب گئے ہیں جن میں سے 16 مزدوروں کو ریسکیو کرنے کے بعد قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

چمولی کے ضلع مجسٹریٹ سندیپ تیواری نے بتایا ہے کہ ’منا گاؤں اور مانا پاس کے درمیان بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے قریب برفانی تودہ گرنے کی اطلاع ملی ہے۔‘

بی آر او کے ایگزیکٹیو انجینئر سی آر مینا نے خبر رساں ایجنسیوں کو بتایا کہ تین سے چار ایمبولینس جائے وقوع پر بھیجی گئی ہیں لیکن شدید برف باری کی وجہ سے ریسکیو کا عمل تاخیر کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں تقریباً 65 افراد شامل ہیں۔

ایس ڈی آر ایف یا ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ایک ٹیم جوشی مٹھ سے روانہ ہوگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ لمبا گڈ میں راستے کو صاف کرنے کے لیے فوج سے بھی رابطہ کیا گیا ہے جو راستے بند ہونے کی وجہ سے ابھی تک پہنچ نہیں پائی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور ٹیم ہیلی پیڈ پر تیار کھڑی ہے۔ جیسے ہی موسم کی صورتحال بہتر ہوگی ریسکیو ٹیم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی جگہ پر اتارا جائے گا۔

ایس ڈی آر ایف کے انسپکٹر جنرل آف پولیس ریدھیم اگروال نے بتایا کہ ایس ڈی آر ایف ڈرون ٹیم بھی تیار رکھی گئی ہے تاہم شدید برف باری کی وجہ سے ڈرون آپریشن فی الوقت ناممکن ہے۔

ادھر انڈیا میں محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ سمیت کئی پہاڑی علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے جس میں جمعہ کی دیر رات تک بہت زیادہ بارش (20 سینٹی میٹر تک) کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

Share This Article