افغانستان کے 2 صوبوں میں ژالہ باری اور موسلا دھار بارش کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ محمد اسرائیل سیار نے بتایا کہ مغربی صوبے فراہ میں ژالہ باری کی وجہ سے 21 افراد ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک افراد کا تعلق 2 خاندانوں سے ہے، جو پکنک منانے کے لیے گئے تھے۔
دوسرے صوبے جنوبی قندھار میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں بتایا کہ موسلا دھار بارش کے نتیجے میں متعدد مقامات پر 8 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کپڑے دھونے میں مصروف 4 خواتین سیلاب کے پانی میں بہہ گئیں اور صرف ایک خاتون زندہ بچیں۔
مزید بتایا کہ قندھار میں ایک بچہ ڈوب گیا جبکہ ایک خاندان کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور تین بچے ہلاک ہوئے۔