نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 47ویں امریکی صدر کی حیثیت سے حلاف اُٹھا لیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب میں سابق صدور بل کلنٹن اور ان کی اہلیہ ہیلری کلنٹن، جارج بش اور ان کی اہلیہ اور بارک اوباما بھی شریک تھے۔
قبل ازیں، نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہلیہ کے ساتھ وائٹ ہاؤس پہنچے تھے جہاں جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ نے ڈونلڈ ٹرمپ اور میلانیا کا استقبال کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 47 ویں امریکی صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ہے۔
امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے حلف لیا۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا ہے۔
حلف سے قبل وائٹ ہاؤس انتظامیہ کے نئے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر ’نیشنل ایمرجنسی‘ کا اعلان کرے گی اور محکمہ دفاع کو ’عام فہم امیگریشن پالیسی‘ کو بحال کرنے کے مقصد سے ’سرحد کو سیل‘ کرنے کی ہدایت کرے گی۔
نامہ نگاروں کے ساتھ ایک مختصر گفتگو میں نئی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آج 10 ایگزیکٹو اقدامات پر دستخط کریں گے جو امریکہ اور میکسیکو کی سرحد سے متعلق ہیں۔
مزید یہ کہ ٹرمپ حکام کو حکم دیں گے کہ وہ سرحدی دیوار کی تعمیر دوبارہ شروع کریں، جس کا تقریباً 450 میل (724 کلومیٹر) حصہ ان کے پہلے دورِ صدارت کے دوران تعمیر کیا گیا تھا اور ’ریمین ان میکسیکو‘ کی پالیسی کو بحال کریں، جس کے تحت تارکین وطن کو میکسیکو میں رہتے ہوئے اپنی امریکہ میں سرکاری پناہ کی درخواست پر کارروائی اور اس کے نتیجے کا انتظار کرنا ہوگا۔