یمن میں امریکی سفیر نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں اور تشدد کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ حوثی باغی امن مساعی سے بھاگ رہے ہیں۔
امریکی سفیر نے کہا کہ حوثی باغیوں کا امن مساعی کا مثبت جواب نہ دینا امن کوششوں سے بھاگنے اور یمن میں خانہ جنگی جاری رکھنے پر اصرار کے مترادف ہے۔
دوسری طرف یمن کی آئینی حکومت کے وزیراعظم معین عبدالملک نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے شہری علاقوں پر حملے اور یمن میں متعدد محاذوں پر عسکری جارحیت میں اضافہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ حوثی اقوام متحدہ کی کوششوں سے ملک میں جنگ بندی کی مساعی سے فرار اختیار کررہے ہیں۔
یمن میں امریکا کے سفیر کریسٹوفر ھنرل نے کہا کہ حوثی باغیوں کا جنگ بندی کی کوششوں پرمثبت جواب نہ دینا اور سعودی عرب پر ڈرون طیاروں اور بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کرنا امن مساعی سے فرار اختیار کرنے کے مترادف ہے۔
یمنی وزیراعظم معین عبدالملک نے کہا کہ یمنی حکومت عدن کی انقلابی کونسل کے ساتھ سعودی عرب کی میزبانی میں طے پائے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔
خیال رہے کہ کل منگل کے روز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا تاہم عرب اتحادی فوج اور سعودی محکمہ دفاع نے بروقت کارروائی کرکے حوثیوں کے میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔