بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ اور رکن اسمبلی ڈاکٹر ما لک بلوچ نے گوادر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے گوادر کے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو جنگی مقاصد کے لیے تعمیر کیا ہے، جہاں کارگو جہازوں کے بجائے فضائی جنگی جہاز استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ بھی درحقیقت جنگی مقاصد کے لیے بنایا گیا ہے، اور مقامی آبادی کو اس پورٹ اور ایئرپورٹ سے کوئی فائدہ نہیں پہنچایا جا رہا۔
ڈاکٹر مالک نے کہا کہ چین نے 65 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری گوادر کے لیے کی، لیکن موسمیاتی تبدیلی کے باعث گوادر کا وجود خطرے میں ہے، اور حکمران اس صورتحال کی پرواہ نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلوچ عوام کے ووٹ دینے کا حق چھین لیا گیا ہے اور انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی۔
کوئٹہ کے ضمنی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ جے یو آئی کے امیدوار کو جان بوجھ کر ہرا کر کم ووٹ لینے والے امیدوار کو کامیاب کرایا گیا۔
ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل پر قبضہ جمانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور اشرافیہ سرگرم ہیں، جبکہ مقامی لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے محکمہ فشریز اور دیگر سمندری فورسز پر الزام عائد کیا کہ وہ سمندری وسائل کی غیر قانونی لوٹ مار میں ملوث ہیں، جبکہ سرحدی تجارت کو بھی بھتہ خوری کے نظام کے ذریعے مشکل بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا روزگار سمندر اور سرحدی تجارت پر منحصر ہے، لیکن ان کے لیے زندگی مزید مشکل بنا دی گئی ہے۔ سرحدی چیک پوسٹس پر بھتہ خوری کے نظام کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام روزانہ کی بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہے ہیں، اور کوئی ان کی آواز سننے کو تیار نہیں۔
ڈاکٹر مالک بلوچ نے اپنے خطاب کے اختتام پر مطالبہ کیا کہ بلوچ عوام کے حقوق کو تسلیم کیا جائے اور ان کے وسائل کو جنگی مقاصد کے بجائے عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے۔