بلوچستان میں عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے فوجی آپریشن شروع ہو چکا ہے، وزیر اعظم پاکستان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے فوجی آپریشن شروع ہو چکا ہے۔

جمعرات کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں 26ویں سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معاشی سلامتی سے ہے، دونوں ساتھ ساتھ ہیں، سٹاک ایکسچینج آج ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کر گیا، وفاقی حکومت اور تمام فریقوں کے درمیان مربوط روابط اور ٹیم کی انتھک کوششوں کے باعث یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے، یہ کاروباری رجحان ہے، ملک درست سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، پاکستان دشمن عناصر پاکستان کے دشمنوں سے مل کر اپنے مذموم ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، پارا چنار میں بے گناہ پاکستانیوں کو قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لشکر کشی کی گئی، احتجاج کی آڑ میں ہزاروں لوگوں نے ہتھیاروں اور اسلحہ کے ساتھ دھاوا بوالا جس سے غیر یقینی اور افراتفری پیدا ہوئی، وہ معاشی استحکام کو تباہ کرنا چاہتے تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں مسلح لشکر کشی کے ذریعے غیر یقینی اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، پاکستان کے دشمن سب کچھ تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان میں غیر ملکی حمایت سے جو سازش ہو رہی ہے ان کا خاتمہ ازحد ضروری ہے، بلوچستان میں آپریشن شروع ہو چکا ہے، یہ عزم استحکام کے تحت بلوچستان اور عوام کی ترقی و خوشحالی سے جڑا ہے۔

انہوںنے کہا کہ گذشتہ سے پیوستہ روز جو کچھ اسلام آباد میں ہوا اس سے سٹاک ایکسچینج 4 ہزار پوائنٹس گر گئی، احتجاج ختم ہونے کے بعد گذشتہ روز اس میں 3 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور آج ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرنا تاریخی ریکارڈ ہے۔

Share This Article