لبنان : بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے میڈیا سربراہ ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

لبنان کے دارلحکومت بیروت میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے میڈیا سربراہ ہلاک ہوگئے۔

لبنان میں عسکریت پسند گروپ نے تصدیق کی ہے کہ وسطی بیروت میں ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے میڈیا سربراہ محمد عفیف ہلاک ہو گئے ہیں۔

لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز گنجان آباد علاقے راس النابا میں باتھ سیاسی جماعت کے صدر دفتر پر حملہ کیا گیا۔

ملک کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم انھوں نے ہلاک ہونے والوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔

عفیف گروپ کے چند عوامی چہروں میں سے ایک ہیں جنھیں آخری بار پیر کے روز بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

حزب اللہ نے اتوار کی شام کو اس ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

قومی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے میں شامی باتھ پارٹی کی لبنانی شاخ کا زیادہ تر ہیڈکوارٹر تباہ ہو گیا جبکہ امدادی اور شہری دفاع کی ٹیمیں ملبے تلے دبے متعدد افراد کو ریسکیو کرنے کی کوش کر رہی ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 14 افراد زخمی ہوئے ہیں اور چار افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

بی بی سی کی مشرق وسطیٰ کی نامہ نگار لینا سنجاب کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے اس بات پر تشویش پیدا ہوتی ہے کہ اسرائیل حزب اللہ کے فوجی عہدیداروں کے علاوہ بھی اہداف پر حملے کر رہا ہے۔

حزب اللہ ایک سیاسی جماعت بھی ہے جس کے پارلیمنٹ میں نمائندے اور حکومت میں وزرا ہیں۔

انھوں نے بی بی سی کے نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے لوگوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج رہی ہے کہ اس صورت حال کو کم کرنے یا کوئی حل تلاش کرنے کے کوئی اشارے نہیں ہیں، بلکہ لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کے اہداف میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔‘

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ اتوار کے روز بیروت کے وسطی علاقے مار الیاس سٹریٹ پر ہونے والے ایک اور حملے میں دو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔

اس سے قبل اتوار کے روز آئی ڈی ایف نے کہا تھا کہ اس نے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے چھ فوجی ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment