بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی قیادت میں ایک وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے بلوچستان صدر اصـغرخان اچکزئی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں عوامی نیشنل پارٹی کے بلوچستان کے سینئر نائب صدر و سنیٹر نواب ارباب عمر فاروق کاسی ،بلوچسان کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عبدالباری کاکڑ،بلوچستان ترجمان ولی داد میانی جبکہ بی وائی سی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے ساتھ فرزانہ بلوچ، ماما رفیق اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں بلوچستان میں جاری بدامنی لاپتہ افراد بارڈرز کی بندش تعلیمی اداروں میں فورسز کی مداخلت قبضہ گیری بالخصوص بولان میڈیکل کالج میں طلباء کو پیش آنے والے واقعے کی آڑ میں کالج اور کالج کے ہاسٹل کو بند کرنے اور دیگر بلوچ وپشتوں قومی مسائل پر تفصیلی گفت و شنید ہوئی۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مذکورہ بالا تمام درپیش مسائل پر دیگر قوم دوست وطن دوست سیاسی قوتوں سے مل کر مشترکہ و متفقہ لائحۂ عمل بنانے اور اپنانے کی کوشش کریں گے۔