بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کے بعد معطل ٹرین سروس 5 روز بعد بحال ہوگئی ہے ۔
پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس کی روانگی کے ساتھ کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس بحال ہوئی۔
ریلوے حکام نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کی 7 بوگیوں میں 250 سے زائد مسافر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرین سروس سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر 4 روز کے لیے بند کی گئی تھی، کراچی سے کوئٹہ کے لیے بولان میل کل روانہ ہوگی۔
محکمہ ریلویز نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد امن و امان کی صورت حال کے پیشِ نظر ٹرین سروس 4 روز کے لیے معطل کی تھی۔
پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) عامر علی بلوچ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ریلوے آپریشنز کو بحال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 9 نومبر کو کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر پاکستانی فورسزپرایک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 30 سے زائد افرادہلاک اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔
دھماکے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے روز کوئٹہ میں علی الصبح ۸ بجکر بیس منٹ پر بلوچ لبریشن آرمی کی فدائی یونٹ مجید بریگیڈ نے زرغون روڈ کے نزد واقع کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر روانگی کیلئے تیار پاکستانی فوج کے نان کمیشنڈ افسران کے ایک دستے کو فدائی حملے میں نشانہ بنایا۔
بی ایل اے کا کہنا تھا کہ اس کامیاب کارروائی میں کم از کم 31 فوجی اہلکار ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔