بلوچستان کے ضلع پنجگور سے پاکستانی فورسز نے 3 افراد کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے جبکہ پہلے سے جبری گمشدگی کے شکار 2 بھائی بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔
پنجگور کے علاقے کیلکور سے فورسز نے 3 افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے جنکی شناخت بازیز ولد خالقداد، زباد اور لیواری ولد فقیر کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ان میں سے لیواری اور زباد کیلکور چوٹیں کا رہائشی ہے جنہیں گذشتہ کل حراست میں لیا گیا ہے۔ جبکہ بازیز کیلکور پل مک کا رہائشی ہے جنہیں کل رات حراست میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فورسز اس وقت بڑی تعداد میں مذکورہ علاقوں میں موجود ہیں، جبکہ فورسز کو ہیلی کاپٹروں کی بھی مدد حاصل ہے۔
دوسری جانب گذشتہ ماہ پنجگور کے علاقے تارآفس سے جبری لاپتہ ہونے والے دونوں بھائی صابر نور اور عابد نور بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔
بازیاب ہونے والے دونوں بھائیوں کی بازیابی کے لئے لواحقین کی جانب سے دو مرتبہ دھرنا دیا گیا تھا جبکہ پنجگور میں احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی تھی۔
گذشتہ دنوں دونوں بھائیوں کی بازیابی کے لئے جاری دھرنے کو انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد ختم کردیا گیا۔
ضلع انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات اور تیس گھنٹوں کے اندر بھائیوں کی بازیابی کی یقین دہانی کے بعد لواحقین دھرنے کو ختم کردیا ہے۔